User:Hindustanilanguage/اردو ویکی پیڈیا کے انتظامی فرائض سے سبکدوشی

From Meta, a Wikimedia project coordination wiki

یہ وہ آخری الفاظ تھے جو اردو ویکی پیڈیا کے فعال ترین صارف نے 31 جولائی 2019ء کو ٹائپ کیے تھے۔ اس ایک ترمیم کے بعد، جو ایک مضمون کی عنوان کی تبدیلی کو لے کر ہوئی تھی وہ اردو ویکی پیڈیا آج تک یعنی یکم اکتوبر 2019ء تک نہیں دیکھے گئے۔ تاہم انہوں نے اپنے انتظامی اختیارات سے سبک دوشی نہیں اختیار کی۔ اس سے یہ دوبارہ امید برقرار ہے کہ ان شاء اللہ وہ ایک دن دوبارہ لوٹ آئیں گے۔، حالانکہ مجھے شک ہے کہ ایسا ہوگا، کیونکہ وہ بہت بپھرے ہوئے تھے اور اردو ویکی پیڈیا کا ماحول بدستور غیر جمہوری اور قوت برداشت سے خالی ہے ۔ یہاں کی تکلیف دہ صورت حال یہ ہے کہ یہاں پر شاید ہی کسی مخلص کو خیر مقدم کیا جائے جو خود کے وجود کے ایک حصے کے طور اردو ویکی پیڈیا کو دیکھتا ہو۔

طاہر محمود قریشی صاحب کی طرح میں بھی کئی مواقع پر اردو ویکی پیڈیا پر خود کافی عجیب و غریب ذہنی الجھنوں کا شکار محسوس کرتا رہا ہوں اور محض اردو ویکی پیڈیا کی محبت اور فروغ علم کے جذبے سے جڑا رہا۔ میں اردو بلحاظ ملک، اسلام بلحاظ ملک، مشہور اردو کتب، اردو شعرا، تاریخ، سوانحات، سائنس، سماجی علوم، نفسیات، طب، کاروبار و انتظامیہ اور کئی درجنوں علوم پر مضامین لکھے ہیں یا پہلے سے موجود مضامین میں اضافے کیے ہیں۔ ان کاموں کی انجام دہی کے لیے اللہ کا شکر ہے!

چونکہ ناچیز کا تعلق درس و تدریس سے ہے، جس میں تجارت، کاروبار اور انتظامیہ کے مطالعاتی شعبوں سے ایک اچھا خاصا شغف رہا ہے۔ اس لیے میں نے ان شعبہ جات میں فاصلاتی تعلیم کا مواد انگریزی اور اردو میں تیار بھی کیا ہے۔ ایضًا میں ہندی میں بھی مواد تیار کیا ہے، مگر وہ کچھ اور شعبہ جات سے تعلق رکھتا ہے۔ اس لیے اگر کوئی ان شعبوں کی اصطلاحات پر مجھ سے ترمیمی جنگ کرے، بے وجہ تسمیہ، باز تسمیہ اور (باز) باز تسمیہ کرے تو یہ گویا میری شخصیت اور میری کوششوں کی کھلی نفی ہے۔ اگر یہ کام کوئی انتظامی حلقے کا ہی شخص کرے تو یہ اور بھی مذموم ہے۔ ترمیمی جنگ ویسے بھی بری ہے۔ مضامین کے تبادلہ خیال موجود ہیں جہاں یک طرفہ فیصلوں کے بجائے اختلافات کی یکسوئی ہونا چاہیے۔ اصطلاحات کے معاملے میں میرا ماننا یہ ہے کہ جب تک کہ اشد ضروری نہ ہو، عنوانات کی تبدیلی نہ کی جائے۔ کئی بار الفاظ کو ایک سے زیادہ طرز پر لکھا جاتا ہے۔ مثلًا civil کو سول اور سیول دونوں طرز پر لکھا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں کسی تصادم اور بحث و مباحث کے بجائے رجوع مکرر کے ذریعے معاملے کی یکسوئی ممکن ہے۔

اردو ویکی پیڈیا پر ur:talk:انسانی بازارکاری کا اگر ملاحطہ کیا جائے، تو میں نے بازار کاری کی اصطلاح کی موزونیت پر بحث کی ہے۔ حیدرآباد میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی واقع ہے جہاں شاید پوری دنیا میں ایم بی اے کی تعلیم کا ذریعہ اردو ہے۔ اس کورس میں انتخابی مضامین میں بازارکاری (مارکٹنگ)، انسانی وسائل (ہیومن ری سورسیس) اور مالیہ (فائنانس) شامل ہیں۔ بازار کاری پر کافی اسٹڈی میٹریل تیار کیا جا چکا ہے۔ کئی انٹرنیٹ ویب سائٹ پر یہ اصطلاح مستعمل ہے، مثلًا یہ آن لائن لغت کا ربط غور کیا جا سکتا ہے۔

پھر بھی مجھے تعجب ہوا جب اردو ویکی پیڈیا کے انتظامی حلقے کے ایک سرکردہ فرد بِکری / سیلز کے لیے فروخت کا لفظ استعمال کر رہے ہیں اور مارکٹنگ کے لیے اپنی ایک خود کی ایجاد کردہ اصطلاح فروخت کاری بنا چکے ہیں۔ موصوف نے صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا، انہوں نے میرے تخلیق کردہ مضون کا اولًا عنوان بدلا۔ پھر میرے اس کے درست کرنے کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے کچھ ہی وقت میں مکرر عنوان فروخت کاری کیا۔ ساتھ ساتھ میرے دیگر مضامین کے عنوانات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جیسے کہ گرین مارکٹنگ پر میرے مضمون کو سبز فروخت کاری کیا۔ اس روز موصوف خود ساختہ اصطلاح کی افادیت پر اس قدر نازاں تھے کہ کئی زمرہ جات کے ساتھ زبر دستی چھیڑ چھاڑ کی، جیسے کہ اس زمرے کے عنوان سے چھیڑ چھاڑ

ایک مدرس کے طور پر مجھے اپنے شعبہ مطالعہ میں ایک دم نئی اصطلاحات کا چسپاں کیا جانا کافی شاق گزرا۔ ایک دائرۃ المعارف کی صحت مند کی ترقی کے لیے کافی مضر ہے اور عرصہ دراز میں مہلک بھی ہے۔ آپ خود ہے ان جملوں / الفاظ کے ترجموں پر غور فرما کر موزونیت کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

انگریزی لفظ سابقہ رائج اصطلاح کی رو سے اردو ترجمہ موجودہ اردو ویکی پیڈیا کی رو سے اردو ترجمہ
Marketing jobs بازار کاری کی ملازمتیں فروخت کاری کی ملازمتیں
Online Marketing آن لائن بازار کاری آن لائن فروخت کاری
Marketer بازار کار فروخت کار
Marketing acumen بازار کاری کا ہنر/گُر فروخت کاری کا ہنر/ گُُر

اس پورے معاملے میں کسی انتظامی حلقے سے اپنی سوچ کا اردو ویکی پیڈیا پر تھوپنا مجھے کافی شاق گزرا ہے۔ اپنے تمام انتظامی اختیارات چھوڑ چکا ہوں اور اسی طرح سے دہلوی میڈیا یوزر گروپ کے رابطہ گروپ سے اور اس کی رکنیت سے بھی الگ ہو چکا ہوں۔ اسی دوران میری کوششوں کی وجہ سے اردو اور گجراتی معاہدۂ مشارکت کی سمت ایک قدم بڑھاتے ہوئے ٹائیگر ترمیمی دوڑ اور اردو گجراتی ویکی کو جوڑنے کی بھی ایک تجویز رکھی گئی۔ میں اپنی موجودہ نفسیاتی الجھن کی وجہ سے کسی طرح سے اس سے بھی کچھ وقت نکال لیا ہے۔ مستقبل میں اردو ویکی پر تعاون کروں گا یا نہیں یہ کہنا مشکل ہے۔ مگر موجودہ صورت حال کی وجہ سے میں نہیں سمجھتا کہ میرے یہاں زیادہ تعاون کے مواقع ہیں۔